امپھال : منی پور میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ ریزرویشن کے تنازعہ پر اکثریتی میئتی ہندووں اور ناگا اور کوکی کے درمیان 3 مئی کو تصادم کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ مشتعل ہجوم نے گزشتہ رات امورخارجہ کے وزیر مملکت کے مکان پر بھی حملہ کر دیا۔ بی جے پی کی قیادت والی حکومت نیز مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی اپیلوں کے باوجو منی پور میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ حالانکہ صورت حال پر قابو پانے کے لیے فوجی اور نیم فوجی دستے بھی تعینات ہیں تاہم تین مئی کو شروع ہونے والے پرتشدد واقعات میں اب تک تقریباً 80 افراد ہلاک اور سینکڑوں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ اب تک کم از کم 1700مکانات کو نذر آتش کردیا گیا ہے یا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ تقریباً 50 ہزار افراد بے گھر بھی ہو چکے ہیں۔ کئی علاقوں میں کرفیو نافذ ہے۔ سکیورٹی فورسز تعینات ہیں لیکن تشدد کے واقعات کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ایک سو اکیس گرجا گھروں کو بھی نذرآتش کردیا گیا ہے تاہم ایک غیر سرکاری تنظیم الائنس ڈیفینڈنگ فریڈم (اے ڈی ایف) نے 11مئی تک 277 گرجا گھروں کو تباہ کردیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
