کچھ پولنگ مراکز میں انتخابات سے متعلق اکادکا واقعات پر مناسب کارروائی کرنے ایگزیکٹیو آفیسر کا دعوی
امپھال: منی پور اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں پیر کو 85.45فیصد پولنگ ہوئی۔ ریاستی الیکٹورل افسران نے یہ اطلاع دی۔ انتخابی افسر نے بتایا کہ مغربی امپھال میں سب سے زیادہ 90.13فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس کے بعد منی پور میں 88.70فیصد، مشرقی امپھال میں 84.25فیصد، کنگ کوپکی میں 83.38فیصد اور چوراچاند پور میں 77.38فیصد پولنگ ہوئی۔ ریاست میں پہلے مرحلہ کیلئے 38سیٹوں پر پولنگ ختم ہونے کے ساتھ ہی اب 5 مارچ کو دوسرے مرحلہ کی پولنگ ہوگی۔ انتخابی افسران نے کہاکہ ای وی ایم مشینیں اسٹرانگ روم میں رکھی گئی ہیں اور تین سطحی حفاظتی انتظامات کرکے میشنوں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ پولنگ عملہ اور سیکٹر حکام کے موبائل فون میں ایمبیڈیڈ ای ٹریکر ایپ کی مدد سے ای وی ایم پر نظر رکھی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ پولنگ عملہ ای ایٹلس ایپ بھی استعمال کررہا ہے جو کسی پولنگ مرکز میں ہوئے واقعہ یا ای وی ایم میں کوئی خرابی ہونے کے بارے میں انہیں مطلع کرتا ہے ۔ خیال رہیکہ بیشتر پولنگ مراکز پر کنٹرول روم میں ویب کاسٹنگ کے ذریعہ پولنگ مراکز پر نگرانی کی گئی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر افسر راجیش اگروال نے کہاکہ کچھ پولنگ مراکز میں انتخابات سے متعلق اکا دکا واقعات ہوئے ہیں جن پر مناسب کارروائی کی گئی ہے ۔ ان تمام کے علاوہ پہلے مرحلہ کی پولنگ کیلئے الیکشن کمیشن نے خصوصی سوپروائزروں سمیت مقرر مجموعی طورپر 32 سوپروائزروں نے سینکڑوں پولنگ مراکز پر پورے دن جاری پولنگ کی باریکی سے نگرانی کی۔