نئی دہلی: مرکزی حکومت نے منی پور میں نسلی تشدد کی تحقیقات کے لیے گوہاٹی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اجے لامبا کی سربراہی میں 4 جون کو تین رکنی کمیشن آف انکوائری کا تقرر کیا۔ منی پور تشدد میں اب تک 98 افراد ہلاک اور 35,000 سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو منی پور کے لوگوں سے امپھال۔دیما پور قومی شاہراہ۔2 پر بندشیں ہٹانے کی اپیل کی۔ منی پور کے وادی علاقوں تک پہنچنے کے لیے کسی بھی قسم کے سامان کیلئے ہائی وے اہم ہے۔ ناگالینڈ کے دیما پور سے شروع ہوکر، ہائی وے منی پور کے ناگا اور کوکی پہاڑی اضلاع سے گزرتی ہے۔ چونکہ منی پور میں ابھی تک ریل رابطہ نہیں ہے، سامان اور ضروری اشیاء کی نقل و حمل کیلئے قومی شاہراہ ہی لائف لائن ہے۔