منی پور سے اروناچل کے طلبہ کے محفوظانخلاء کیلئے پینل تشکیل

   

ایٹا نگر : اروناچل پردیش حکومت نے منی پور کے تشدد سے متاثرہ علاقوں سے اروناچل پردیش کے طلبہ وطالبات کے محفوظ انخلاء کے لئے کمشنر سی ایم او کی نگرانی میں رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے ۔وزیر اعلی پیما کھانڈو نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ “کمشنر سی ایم او کی نگرانی میں منی پور سے ہمارے طلبہ وطالبات کے محفوظ انخلاء کے لئے ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اروناچل حکومت ہمارے طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے منی پور حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے ۔” چیف منسٹر کا یہ بیان ریاست میں دو برادریوں کے درمیان حالیہ تشدد کے بعد منی پور کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کی حفاظت کے حوالے سے والدین/سرپرستوں کے بڑھتے ہوئے خدشات ظاہر کیے جانے کے درمیان آیا ہے ۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے شمال مشرقی ریاست منی پور میں تشدد کے تناظر میں گزشتہ روز وزیر اعلی این بیرین سے بات کی تھی اور تشدد سے متاثرہ علاقوں کے بارے میں دریافت کیا تھا۔