منی پور :صدر راج میں توسیع کی قرارداد لوک سبھا میں منظور

   

نئی دہلی ۔ 30 جولائی ۔ ( یو این آئی )منی پور میں صدر راج کی مدت کو مزید چھ ماہ تک بڑھانے کی آئینی قرارداد چہارشنبہ کو لوک سبھا میں صوتی ووٹ سے منظور ہو گئی۔وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیہ نند رائے نے قرارداد پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ منی پور میں امن بحال ہو رہا ہے ، وہاں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے ۔ صدر راج کے دوران تشدد کا صرف ایک واقعہ ہوا تھا جس میں ایک شخص کی جان گئی تھی۔ ریاست میں چار ماہ سے تشدد کا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہاں امن کی بحالی کے لیے صدر راج ضروری ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ منی پور میں پرتشدد واقعات میں بیرونی لوگ ملوث رہے ہیں۔اس قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ترنمول کانگریس کی ڈاکٹر کاکولی گھوش دستیدار نے کہا کہ منی پور میں دفعہ 356 کا بار بار استعمال مناسب نہیں ہے ۔
نائب صدر کے انتخاب 2025 پر الیکشن کمیشن کا کتابچہ
چنڈی گڑھ ۔ 30 جولائی ۔ ( یو این آئی ) الیکشن کمیشن نے نائب صدرجمہوریہ کے آئندہ انتخاب2025 ء کے حوالے سے عوام میں بیداری بڑھانے کے لیے ایک نیا کتابچہ ’’ہندوستان کے نائب صدر کا انتخاب 2025‘‘ جاری کیا ہے ۔ہریانہ کے چیف الیکشن افسر اے ۔ شری نیواس نے آج بتایا کہ یہ کتابچہ انتخابی عمل کو عام زبان میں سمجھانے کے لئے کمیشن کی ایک اہم کاوش ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن ریاستی اسمبلیوں، لوک سبھا، راجیہ سبھا، صدر اور نائب صدر کے انتخابات کی کارروائی کو شفاف اور آسان بنانے کے لیے مسلسل نئی اختراعات کر رہا ہے ۔ اسی سلسلے میں کمیشن نے یہ کتابچہ شائع کیا ہے ، جس میں 1952 سے 2022 تک منعقد ہونے والے تمام 16 نائب صدر کے انتخابات پر مختصر تاریخی نوٹس شامل کیے گئے ہیں۔