منی پور فسادات پر مودی کا بیان مگرمچھ کے آنسو

   

نئی دہلی: منی پور میں ڈیڑھ ماہ سے نسلی فسادات جاری ہیں جس پر وزیراعظم نریندر مودی نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی تھی لیکن اب 2 عیسائی خواتین کو برہنہ گھمانے کے واقعہ پر بالآخر یہ خاموشی توڑ دی۔ اخبار ٹیلی گراف میں ایک کارٹون شائع ہوا ہے جس میں ایک مگر مچھ کو دکھایا گیا جو نسلی فسادات کے آغاز کے دن یعنی 3 مئی سے خاموش ہے لیکن 78 ویں دن اچانک آنسو بہانے لگتا ہے۔ اخبار نے اس کارٹون کے ساتھ خبر لگائی ہے کہ آخر کار وزیراعظم نریندر مودی نے منی پور فسادات پر اپنی طویل خاموشی توڑ دی اور منی پور میں دو عیسائی خواتین کو برہنہ گھمانے پر مذمتی بیان دے ڈالا۔ وزیراعظم مودی اس معاملہ پر 3 مئی سے بالکل چپ سادھے ہوئے تھے۔ خواتین کے ساتھ اس نازیبا سلوک پر عالمی میڈیا پر ہونے والی تنقید پر مذمت کرنے پر مجبور ہوگئے،تاہم مودی سرکار کی اس مذمت کو عوام نے مسترد کردیا اور اسے مگر مچھ کے آنسو قرار دیا۔