امپھال۔20؍ستمبر ( ایجنسیز )منی پور کے بشنو پور ضلع میں جمعہ کی شام کو عسکریت پسندوں نے آسام رائفلز کے اہلکاروں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ حملہ میں دو فوجی شہید اور پانچ زخمی ہوئے۔ شام کے وقت آسام رائفلز کی گاڑی امپھال سے بشنو پور جا رہی تھی کہ اچانک چار سے پانچ مسلح جنگجوؤں نے اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ فوجیوں کے پاس پوزیشن لینے کا وقت بھی نہیں تھا۔ تاہم، فوجیوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور پرہجوم علاقے میں شہری ہلاکتوں کو روکنے کیلئے فوری طور پر جوابی کارروائی نہیں کی۔حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کی شناخت نائیک صوبیدار شیام گرونگ اور رائفل مین کیشپ کے بطور ہوئی ہے۔ زخمی فوجیوں کو امپھال کے ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے بڑی تعداد میں کارتوس برآمد کر لیے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور حملے کے بعد قریبی گھنے علاقے میں فرار ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کومبنگ آپریشن شروع کر دیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ منی پور میں دو سال سے زیادہ عرصے سے امن واپس نہیں آیا ہے۔ مئی 2023 میں شروع ہونے والے میتی اور ککی برادریوں کے درمیان نسلی تنازعہ میں کم از کم 260 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں اور ریلیف کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ اس سال فروری میں، ریاست میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تشدد کے درمیان، اس وقت کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ نے استعفیٰ دے دیا جس کے نتیجے میں ریاست میں صدر راج نافذ ہوگیا۔