امپھال : ریاست منی پور میں اسکول بسیں ٹریفک حادثہ کا شکار ہوگئیں جس کے نتیجہ میں 5 طالبات ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئیں۔ میڈیا کے مطابق دو اسکول بسیں بچیوں کو سالانہ سیاحتی دورے پر لیکر جا رہی تھیں کہ منی پور کے ضلع نونی میں حادثے کا شکار ہو گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی زخمی طالبات کی حالت تشویشناک ہونے پر اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے زخمی طالبات کو اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ میڈیا کے مطابق مبینہ طور پر یہ حادثہ بشنو پور ‘ کھوپم روڈ پر لونگ سائی ٹبونگ گاؤں کے قریب پیش آیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یاریپوک کے تھمبلنو ہائر سیکنڈری اسکول کے طلبہ کو لے کر دو بسیں اسٹڈی ٹور پر کھوپم جارہی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق کم از کم 5 طلبہ کے ہلاک اور متعدد طلبہ کے شدید زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ سرکاری طور پر مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر این بیرن سنگھ نے کہا کہ حادثے کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ راحت کاموں کے لئے ایس ڈی آر ایف ، میڈیکل ٹیم اور ممبر اسمبلی جائے واقعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ زخمی طلبہ کو امپھال کے میڈیسٹی ہاسپٹل لایا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک 22 طلبہ کو لایا گیا ہے۔