نئی دہلی: تشدد زدہ منی پور پر منگل کے روز بھی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے منی پور تشدد کی آزادانہ جانچ کا حکم دینے کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ریاست میں مئی کے شروع سے لیکر جولائی کے آخر تک ریاست میں امن و امان اور آئینی مشینری مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے منی پور کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کو 7 اگست کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی۔چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس جے بی پارڈی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے متعلقہ فریقوں کی دلیلیں سننے کے بعد اس طرح کے کئی سخت مشاہدات کئے۔ قبل از تفتیشی عمل کی غیر جانبداری پر زور دیتے ہوئے بنچ نے ریاست کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو پیر کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے طلب کیا تاکہ ریاست میں تشدد کے واقعات کی تفصیلات ذاتی طور پر پیش کی جا سکیں اور ایک بار پھر کہا کہ اس کے لئے سابق ججوں پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل کر سکتے ہیں۔