منی پور میں تشدد کی نئی لہر: راکٹ حملے میں 2 بچے ہلاک ، کئی اضلاع میں انٹرنیٹ معطل

,

   

نئی دہلی 7 اپریل(ایجنسیز) شمال مشرقی ریاست منی پور ایک بار پھر تشدد کی لپیٹ میں آ گئی ہے، جہاں بشنوپور ضلع میں ایک خوفناک راکٹ حملے میں دو معصوم بچوں کی جان چلی گئی جبکہ ان کی ماں شدید زخمی ہو گئی۔ اس واقعہ کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے ہیں اور حکومت نے فوری اقدام کرکے پانچ اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ سرکاری حکم کے مطابق امپھال ویسٹ، امپھال ایسٹ، تھوبل، کاکچنگ و بشنوپور اضلاع میں موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروسز کو تین دن کیلئے بند کر دیا گیا ہے تاکہ افواہوں کو پھیلنے سے روکا جا سکے اور امن برقرار رکھا جا سکے۔ یہ افسوسناک واقعہ دیر رات تقریباً ایک بجے موئرانگ ٹرونگلاوبی علاقے میں پیش آیا، جہاں مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں کی جانب سے داغا گیا راکٹ ایک رہائشی مکان پر آ گرا۔ دھماکے کے وقت گھر میں سو رہے 5 سالہ لڑکے اور چھ ماہ کی بچی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی والدہ زخمی ہو گئیں۔ واقعہ کے بعد مشتعل مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ایک پٹرول پمپ کے قریب کھڑے دو آئل ٹینکروں اور ایک ٹرک کو آگ لگا دی، جبکہ موئرانگ تھانے کے سامنے ٹائر نذر آتش کیے گئے اور ایک عارضی پولیس چوکی کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ حکام کے مطابق صورتحال کو قابو میں رکھنے اضافی سکیورٹی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں اور حساس علاقوں میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ قریبی علاقے سے ایک دھماکہ خیز آلہ برآمد ہوا ہے، جس سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ منی پور کے چیف منسٹر این بیرین سنگھ نے اس حملے کو وحشیانہ اور انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی ۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ متحد رہیں اور ایسے عناصر کے خلاف ہوشیاری سے کام لیں جو سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
منی پور تشدد ‘ راہول کی مرکز پر تنقید
نئی دہلی، 07 اپریل (یو این آئی) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے منی پور میں پرتشدد واقعات پر سوشل میڈیا کے ذریعے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔گاندھی نے کہا، بی ایس ایف کے ایک جوان کے گھر میں سوتے ہوئے دو معصوم بچوں کے قتل کی خبر دل دہلا دینے والی ہے ۔ منی پور میں گزشتہ تین سالوں سے جاری تشدد کی آگ میں آج بھی معصوم بچے جھلس رہے ہیں اور امن کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت بے حسی کا شکار ہے اور گویا یہ بھول چکی ہے کہ منی پور کے بچے بھی ملک کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخر حکومت کب جاگے گی اور کب تک منی پور کے لوگ اپنے ہی پیاروں کی لاشیں گنتے رہیں گے ۔ k