منی پور میں جاری تشدد کیلئے معذرت خواہی

   

2025 میں امن کی بحالی کیلئے چیف منسٹر کا عزم
امپھال:منی پور میں وقفہ وقفہ سے جاری تشدد کے درمیان وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے ایک بیان میں عوام سے معافی مانگی ہے۔ 2024 کے آخری دن انھوں نے اس سال ریاست کے خراب حالات پر معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں لگاتار جاری ہیں۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ پورا سال بہت دردناک رہا ہے۔ مجھے بہت افسوس ہے اور میں ریاستی عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ جو کچھ بھی 3 مئی سے اب تک ہوا اس کے لیے میں معافی مانگتا ہوں۔وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ پْرتشدد واقعات میں کئی لوگ اپنے رشتہ داروں سے محروم ہو گئے اور کئی لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا۔ ظاہری طور پر یہ حالات اچھے نہیں ہیں اور عوام کو کئی طرح کی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ نے مشکل حالات پر افسوس ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ کہا کہ مجھے اس کا بہت پچھتاوا ہے۔ میں سبھی سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔ حالانکہ انھوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ 4تا3 ماہ میں امن بحالی کی طرف قدم بڑھایا گیا ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ نئے سال 2025 کے ساتھ منی پور میں پوری طرح سے امن و معمول والے حالات بحال ہو جائیں گے۔وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ نے سبھی طبقات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ ہو گیا۔ ہمیں اب گزشتہ غلطیوں کو بھول کر ایک نئی شروعات کرنی ہوگی۔