منی پور میں حالات کو کنٹرول کرنے میں سیول سوسائٹی کا اہم رول

   

امپھال: منی پور کے وزیر اعلیٰ این برین سنگھ نے پیر کو کہا کہ منی پور میں امن کی بحالی کیلئے تمام سیول سوسائٹیوں اور خواتین کی تنظیموں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔ بیرین اتوار کو نئی دہلی پہنچے اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ماضی کو بھول کر نئی زندگی شروع کرنا سیکھیں تاکہ امن بحال ہو سکے ۔ وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران سیول سوسائٹی کی تمام تنظیموں اور خواتین کی باڈیز کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بیرین نے کہا کہ مرکزی وزیر نے یقین دلایا کہ پہاڑی علاقوں میں حالات پر قابو پانے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے اور وادی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل اور مطالبات کو سمجھنے کیلئے سیول سوسائٹی سے مدد طلب کرنے کے لئے کہا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزیر داخلہ کو ریاست میں امن کی بحالی کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر شورش کی اطلاعات ہیں، جس میں بڑی تعداد میں لوگ گھروں کو جلا رہے ہیں اور لوگوں پر حملے کر رہے ہیں۔ ریاست کے کئی حصوں میں انارکی ہے ۔وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران بیرین کے ساتھ منی پور کے اسپیکر ستیہ برتا اور راجیہ سبھا کے رکن لیشیمبا سناجاوبا بھی تھے ۔منی پور میں تشدد میں 115 سے زیادہ افراد ہلاک اور 60 ہزار سے زیادہ بے گھر ہوئے ۔ مرکزی قومی شاہراہ، امپھال سے ماو، کانگ پوکپی بلاک ہے اور تشدد شروع ہونے کے بعد سے انٹرنیٹ معطل ہے ۔ریاستی پولیس اور مرکزی فورسیس نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کئی جگہ تلاشی کارروائی انجام دی اور اسلحہ ضبط کئے ۔