امپھال: منی پور میں جمعرات کو اندرونی طور پر بے گھر افراد کے لیے نکالی گئی ایک احتجاجی ریلی کے دوران پولیس نے ایک صحافی اور کچھ دوسرے بے گھر افراد پر حملہ کیا۔ کمیٹی فار دی پروٹیکشن آف میٹائی وکٹمز (سی او پی ایم ای وی) کے زیر اہتمام ریلی ریلیف کیمپ سے شروع ہوئی اور وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ کی طرف بڑھی۔ پولیس نے ان پر گولی چلائی کیونکہ شہری علاقے میں امتناعی احکامات نافذ تھے ۔ پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے جس سے شہری علاقوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اسکول میں کلاسز جاری تھیں کہ پولیس کی فائرنگ سے پرائمری کلاس کے کچھ طلباء گولیوں کی آواز سن کر بے ہوش ہوگئے۔ اساتذہ نے پرائمری کے طلباء کو تسلی دی جو اسکول کے احاطے کے قریب فائرنگ سے صدمے میں تھے ۔ واضح رہے کہ 3 مئی 2023 کو شروع ہونے والے بحران کی وجہ سے 60 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ بے گھر ہونے والے افراد کا کہنا تھا کہ مشتبہ کوکی دہشت گردوں نے ان کے گھروں، جائیدادوں، مندروں اور گرجا گھروں کو جلا کر تباہ کر دیا ہے ۔