نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور میں سیب کی پیداوار پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اتوار کے روز کہا ہے کہ نوجوانوں کے کچھ نیا کرنے کے جذبے سے ایسا ہو سکا ہے ۔ مسٹر مودی نے آل انڈیا ریڈیو پر من کی بات پروگرام میں کہا کہ لوگ عام طور پر ہماچل پردیش ، جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ میں سیب کے باغات کے بارے میں جانتے ہیں ۔ اس فہرست میں منی پور کو شامل کر دیجئے تو آپ حیرت زدہ ہوجائیں گے ۔ کچھ نیا کرنے کے جذ بے سے بھرے نوجوانوں نے منی پور میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔ آج کل منی پور کے ضلع اکھرول میں سیب کی کاشت زور پکڑ رہی ہے ۔ یہاں کے کسان اپنے باغات میں سیب اُگا رہے ہیں۔ سیب اگانے کے لئے ان لوگوں نے باضابطہ ہماچل جاکر ٹریننگ بھی لی ہے ۔ ان میں سے ایک ہیں ٹی ایس رنگ فامی یونگ ۔ یہ پیشے سے ایروناٹیکل انجینئر ہیں ۔