نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی اپیل کے بعد منی پور میں شرپسندوں نے 140 ہتھیار سپرد کر دیے ہیں۔ ان میں SLR 29، کاربائن، AK، INSAS رائفل، INSAS LMG، M16 رائفل اور گرینیڈ جیسی ہائی ٹیک رائفلیں شامل ہیں۔اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے منی پور پولیس نے کہا کہ زیادہ تر اضلاع میں حالات معمول پر ہیں۔ ریاست میں 3 مئی کو تشدد پھوٹ پڑا۔ اس کے بعد سیکورٹی فورسز کے تقریباً 2 ہزار ہتھیار لوٹ لئے گئے۔ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی جب ریاست میں تشدد نہیں رکا تو وزیر داخلہ امیت شاہ 29 مئی کو چار روزہ دورے پر منی پور پہنچے۔ جمعرات کو، شاہ نے منی پور میں لوگوں سے کہا کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ اسلحہ رکھنے والوں کو پولیس کے سامنے سرنڈر کرنا ہو گا۔شاہ نے کہا کہ سرچ آپریشن 2 جون سے شروع ہوگا۔ اگر کسی کے پاس اسلحہ برآمد ہوا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ صرف 24 گھنٹے بعد ہی اتنی بڑی تعداد میں شرپسندوں نے ہتھیار ڈال دیے۔ دوسری جانب ریاست کے 5 اضلاع سے کرفیو اٹھا لیا گیا ہے۔