امپھال، 22 جولائی (یو این آئی) منی پور میں پاپولر گورنمنٹ کی تشکیل کی کوشش کے درمیان، مرکز ی حکومت ریاست میں صدر راج کی مدت میں توسیع کے متبادل پر بھی غور کر سکتی ہے ۔مرکزی قیادت نے پارلیمنٹ کے موجودہ مانسون اجلاس میں صدر راج کی مدت بڑھانے کیلئے ایک تجویز پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔آئین کے آرٹیکل 356(1) کے تحت 13 فروری 2025 کو جاری کردہ ایک اعلان کے ذریعے ریاست میں صدر راج نافذ کیا گیا تھا۔اجلاس کے دوران جن 17 ممکنہ امور پر بحث کی فہرست مرتب کی گئی ہے ، ان میں منی پور سے متعلق دو دیگر نکات بھی شامل ہیں، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ مرکزی قیادت اجلاس کے اختتام تک صدر راج میں توسیع کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔ پارلیمنٹ میں جن امور پر بحث ہونی ہے ، ان میں منی پور اشیا اور خدمات ایکٹ (ترمیمی) بل2025 ، سال 2025-26 کے لیے گرانٹس پر بحث ، ووٹنگ اور متعلقہ تصرف بل شامل ہیں۔ ریاست میں اگلا اسمبلی انتخاب 2027 کے اوائل میں متوقع ہے ۔ مئی 2023 میں چوراچاند پور سے شروع ہونے والے منی پور بحران کے نتیجے میں اب تک تقریباً 270 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔