نئی دہلی، 5 اگست (یواین آئی) راجیہ سبھا نے منی پور میں صدر راج کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع سے متعلق حکومت کی آئینی قرارداد کو منگل کے روز اپوزیشن ارکان کے نعرے اور ہنگامہ آرائی کے درمیان صوتی ووٹ سے منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ہی منی پور میں صدر راج کی مدت میں توسیع کی تجویز پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری مل گئی ہے ۔ لوک سبھا پہلے ہی اس کی منظوری دے چکی ہے ۔ راجیہ سبھا میں اس قرارداد کی منظوری کے ساتھ ہی اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے پہلے التوا کے بعد جب دوپہر دو بجے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی کے مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ اور نعرے بازی شروع کردی۔