منی پور میں صدر راج کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع

   

نئی دہلی، 25 جولائی (یو این آئی) منی پور میں گزشتہ چھ مہینے سے نافذ صدر راج کی مدت 13 اگست 2025 سے چھ ماہ کے لیے بڑھائی جائے گی۔ مورخہ 24 جولائی کی پارلیمانی بلیٹن کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس سلسلے میں قرارداد کا نوٹس دیا ہے جسے تسلیم کر لیا گیا ہے ۔ بلیٹن نمبر 65663 کے مطابق، مسودہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان منی پور کے حوالے سے 13 فروری 2025 سے نافذ اعلان کو 13 اگست 2025 سے مزید چھ ماہ کے لیے مسلسل نفاذ کی منظوری دیتا ہے ، جو صدر کی طرف سے آئین کے آرٹیکل 356 کے تحت جاری کیا گیا ہے ۔ اس سال کے آغاز میں وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کے استعفیٰ کے بعد منی پور میں 13 فروری سے صدر راج نافذ ہو گیا تھا۔ ریاست میں نسلی تشدد 3 مئی 2023 کو شروع ہونے کے بعد کوکی اور میتی برادریوں کے درمیان خونریز جھڑپیں ہوئی تھیں، جس میں 250 سے زائد افراد ہلاک اور 60,000 دیگر بے گھر ہوئے ۔ بے گھر ہونے والے زیادہ تر لوگ ریلیف کیمپوں میں مقیم ہیں۔