منی پور میں مظلومین کو انصاف، خاطیوں کو سزا کا مطالبہ

   

کریم نگر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام زبردست احتجاج، ہندو مسلم قائدین کی شرکت

کریم نگر /26 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کریم نگر میں منی پور تشدد کے خلاف جماعت اسلامی ہند کریم نگر کے زیر اہتمام تلنگانہ چوک پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مسلم ، عیسائی ، سکھ ، دلت اور سدھ بھاونا فورم کے قائدین منی پور میں خواتین کو تشدد اور ہوس کا نشانہ بنانے پر سخت برہمی ، غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمت کی ۔ اس موقع پر ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند ، کریم نگر محمد خیرالدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تین مہینوں سے منی پور تشدد کی لپیٹ میں فرقہ ورانہ منافرت اور مذہبی انتہا پسندی آتش زنی ، لوٹ مار ، قتل و غارت گری ہی کیا کم تھا کہ خواتین کو برہنہ کرکے سڑکوں پر گشت کروانا اور عصمت دری جانوروں کی سطح سے گری ہوئی حرکت سے انسانیت شرم سار ہے ۔ واقعہ کے اسی دن کے بعد بھی خاطیوں کو کوئی سزا نہ ہوسکی ہے ۔بڑے افسوس کی بات ہے ۔ ہم ریاست منی پور اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امن کی فضاء کو فوری بحال کریں۔ مظلومین کو انصاف اور خاطیوں کو کیفر کردار تک پہونچائیں ۔ اس پروگرام میں نعیم الدین احمد ، سید معین احمد ، اظہر الدین خان ،جگبیر سنگھ گرداوار جنرل سکریٹری ،کرسٹو فرٹیموتی جے راج ، کرسچین اسوسی ایشن کے ذمہ دار اے کرن کمار ، صدر سدبھاونا فورم ، سمدرالا اجئے سبھی نے مجموعی طور پر یہ بات بتائی کہ ہندوستان ایک تکشیری ملک ہے جہاں کثرت میں وحدت ہے ۔ ایسے واقعات پر تمام مذاہب کے لوگ مل کر انصاف کیلئے ایک ساتھ کھڑے ہوں گے تو ایسے واقعات کو روکا جاسکتا ہے۔ اس احتجاج میں موسم کی خرابی کے باوجود بھی کثیر تعداد میں مرد و خواتین شریک تھے ۔