امپھال: منی پور میں اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی بروز جمعرات یعنی 10 مارچ کو ہوگی، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تمام گنتی کے مراکز پر ووٹ شماری کو بخوبی انجام دینے کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے شروع ہوجائے گی اور اس کے لیے ووٹ شماری کے تمام ایجنٹوں کو مقررہ وقت سے پہلے گنتی کے مرکز پر پہنچنے کو کہا گیا ہے ۔ منی پور میں 28 فروی اور 5 مارچ کو دو مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی تھی۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ، اسمبلی کے اسپیکر وائی کھیم چند ٹی ایچ وشواجیت، وزیر ٹی ایچ رادھے شیام اور ایم ایل اے نمچا کپگن جیسے متعدد تجربہ کار سیاست دانوں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔کانگریس لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ او ایبوبی، ریاستی کانگریس صدر این لوکن، سابق ریاستی کانگریس صدر گیانگم اور کئی دوسرے لیڈروں کی قسمت کا فیصلہ بھی جمعرات کے روز معلوم ہو گا۔ اس کے علاوہ نیشنل پیپلز پارٹی کے رہنما وائی جوئے کمار، ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایل جینت کا فیصلہ بھی آنا ہے ۔ ووٹوں کی گنتی کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکار گاڑیوں کو روک کر سخت چیکنگ کر رہے ہیں۔ الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ نتائج کا رجحان دوپہر سے پہلے آنا شروع ہوجائے گا۔
