ہجوم کو منتشر کرنے ربر کی گولیوں سے فائرنگ ۔ آنسو گیس کے شیلس برسائے گئے ۔ کچھ اضلاع میںانٹرنیٹ خدمات ہنوز مسدود
امپھال : مشتعل ہجوم نے منی پور کی وادی امپھال کے مختلف اضلاع میں بی جے پی کے مزید تین ایم ایل ایز اور ایک کانگریس ایم ایل اے کی رہائش گاہ کو آگ لگا دی ۔حکام نے بتایا کہ مظاہرین نے چیف منسٹر برین سنگھ کی آبائی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ کی کوشش کی، حالانکہ پولیس نے انہیں روک دیا۔ضلع جیری بام میں تین خواتین اور تین بچوں کی لاشیں ملنے کے بعد کل امپھال میں پرتشدد مظاہرے ہوئے جس کے بعد یہاں غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ کر دیا گیا۔. مشتعل ہجوم نے کل تین وزرائاور چھ ایم ایل اے کی رہائش گاہوں پر حملہ کیا ۔ حکام نے بتایا کہ مظاہرین نے ننگتھوخونگ میں تعمیرات عامہ کے وزیر گووند داس کونتھوجم، لنگمیڈونگ بازار میں ہیانگلم وائی رادھیشیام سے بی جے پی ایم ایل اے، تھوبل ضلع کے وانگجنگ ٹینتھا سے بی جے پی ایم ایل اے پونم بروجن اور امپھال مشرقی ضلع کے کھنڈرکپم سے کانگریس ایم ایل اے لوکیشور کے گھروں کو آگ لگا دی ۔ مشتعل ہجوم نے ایم ایل اے کے رہائشی احاطے پر دھاوا بول دیا، توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔ تاہم اس دوران ایم ایل اے خاندان کے افراد گھر پر نہیں تھے۔ حکام کے مطابق ان واقعات میں مکانات جزوی جل گئے ۔ فائر سروسز نے مکانات مکمل طور پر جلنے سے پہلے آگ پر قابو پالیا۔مظاہرین نے کل رات امپھال مشرقی علاقے میں لوانگسنگ بام میں برین سنگھ کی آبائی رہائش گاہ پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی فورسز نے انہیں 100-200 میٹر پہلے ہی روک دیا۔حکام نے بتایا کہ آسام رائفلز، بی ایس ایف اور ریاستی سیکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے آنسو گیس کے گولے، ربڑ کی گولیاں چلائیں اور برین سنگھ کے گھر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشتعل ہجوم نے پھر ٹائر جلا دیے اور برین سنگھ کی رہائش گاہ کی طرف جانے والی سڑک پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو روک دیا۔حکام نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے آبائی گھر سے تقریباً تین سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر منتری پوکھری کے علاقے میں رات گیارہ بجے تک احتجاج جاری رہا۔انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے آبائی گھر پر حملہ کرنے والے مظاہرین کا تعلق دیگر حلقوں سے تھا ۔ جیری بام میں چھ لاشیں ملنے کے بعد وادی امپھال میں پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے اتوار کی صبح صورتحال پرسکون لیکن کشیدہ رہی۔. اس کے ساتھ وادی میں غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کر دیا گیا اور انٹرنیٹ خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ہفتہ کو منی پور کے ضلع جیری بام کے دریائے بارک سے دو خواتین اور ایک بچے کی لاشیں ملیں جب کہ جمعہ کی رات ایک خاتون اور دو بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔. الزام ہے کہ عسکریت پسندوں نے اسے اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا۔عوام نے اس قتل کے خلاف وادی امپھال میں پرتشدد مظاہرہ کیا اور ریاست کے تین وزراء و چھ ایم ایل ایز کی رہائش گاہوں پر بھی حملہ کیا۔ پولیس نے بتایا کہ مظاہرین نے چیف منسٹر بیرن سنگھ کے داماد اور بی جے پی ایم ایل اے آر کے امو سمیت تین ایم ایل اے کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔. ایک اہلکار نے بتایا کہ مظاہرین نے وزراء سپم رنجن، ایل سوسندرو سنگھ اور وائی کھیم چند کی رہائش گاہوں پر حملہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وادی امپھال میں امن و امان برقرار رکھنے امپھال مشرقی اور مغربی، بشنو پور، تھوبل اور کاکچنگ اضلاع میں غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ۔ایک اور اہلکار نے کہا کہ انتظامیہ نے منی پور کے وزرا اور ایم ایل اے کی رہائش گاہوں پر حملے کے بعد 7 اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا ہے۔ چیف منسٹر کے داماد کے علاوہ مظاہرین نے بی جے پی ایم ایل اے سپم کنجاکسر اور ایم ایل اے جوئے کشن سنگھ کی املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔اہلکار نے بتایا کہ مظاہرین نے جنتا دل (یونائیٹڈ) ایم ایل اے پر حملہ کیا۔ بی جے پی ایم ایل اے کی رہائش گاہ کو بھی گھیر لیا گیا تھا۔ کہا گیا کہ مظاہرین آزاد ایم ایل اے سپم نشیکانت سنگھ سے ملنے آئے تھے، لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ ریاست میں موجود نہیں ہیں، تو انہوں نے ایک مقامی ایم ایل اے پر حملہ کر دیا۔ مظاہرین نے اسمبلی عمارت سے صرف 200 میٹر فاصلے پر تھانگمی بینڈ علاقے میں سڑک پر ٹائرجلائے۔ پولیس نے بتایا کہ مظاہرین راج بھون اور سیکرٹریٹ سمیت کئی عمارتوں کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کر رہے تھے پولیس نے انہیں منتشر کرنے آنسو گیس کے گولے داغے ۔ حکام نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے رات کے وقت جیری بام قصبے میں کم از کم دو گرجا گھروں اور تین گھروں کو آگ لگا دی۔حکام نے بتایا کہ شرپسندوں سے مزید آتشزنی اور ڈھانچے کو جلانے کی اطلاعات ہیں، لیکن ان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔