منی پور میں چار شدت پسند عناصر گرفتار

   

امپھال۔ 27 ستمبر (یو این آئی) منی پور اور آسام میں مشترکہ کارروائیوں میں سیکوریٹی فورسز نے مختلف ممنوعہ باغی گروہوں کے چار شدت پسندوں کو گرفتار کیا ہے ، جن میں سے دو شدت پسند19 ستمبر کو منی پور کے بشنو پور ضلع کے نامبول سبل لیکائی میں 33 آسام رائفلز پر ہوئے حملے میں براہ راست ملوث تھے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ممنوعہ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے ) کے دو کارکنوں کو جمعہ کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔ان میں ایک 18 سالہ نوجوان اور ایس؍ایس لیفٹیننٹ کورپوریل چونگتھم مہیش شامل ہیں، جو امپھال مغربی ضلع کے کیشمت لیمجام لیکائی میں رہنے والا ایک سینئر پی ایل اے کارکن ہے ۔ 1990سے پی ایل اے سے وابستہ مہیش کو گوہاٹی، آسام کے کرائم برانچ پولیس اسٹیشن گوہاٹی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، افسران کے مطابق شدت پسند تنظیم میں یہ ایک انتہائی بااثر شخص ہے ۔اسی دن مختلف کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز نے امپھال مشرقی ضلع کے لاملائی پولیس اسٹیشن کے تحت ساوومبونگ کمیونٹی ہال سے کانگلے پاک کمیونسٹ پارٹی (پیپلز وار گروپ) کے ایک سرگرم کارکن اور کانگلے یاول کنّا لوپ (کے وائی کے ایل) کے ایک سرگرم رکن کو بھی حراست میں لیا گیا، اس کے علاوہ بشنو پور پولیس اسٹیشن کے تحت تیرا اُرک چیک پوائنٹ پر آر پی ایف؍پی ایل اے کے ایک اور سرگرم کارکن کو گرفتار کیا گیا۔