منی پور میں کسی کا گھر جلا، کسی کی عصمت لوٹی گئی، کسی کا قتل ہوا

,

   

مرکز پر تنقید‘ وائناڈ میں راہول گاندھی کا خطاب‘ آج بعض پراجکٹس کا سنگ بنیاد

وائناڈ(کیرالا):کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی ہفتہ کو اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ پہنچے۔ وہاں انھوں نے اپنے خطاب کے دوران منی پور تشدد کو لے کر مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ بدانتظامی کی وجہ سے حالات کو بد سے بدتر بنا دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ “منی پور میں ہزاروں لوگ تشدد سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہزاروں افراد ہیں جنھوں نے ظلم برداشت کیا ہے اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ کسی کا گھر جلا دیا گیا ہے، کسی کی بہن کے ساتھ عصمت دری کی گئی ہے اور کسی کے بھائی اور والدین کا قتل کر دیا گیا ہے۔ لوک سبھا کی رکنیت بحال ہونے کے بعد کانگریس لیڈر کا اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ کا یہ پہلہ دورہ ہے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وہ اتوار کو دوپہر 12 بجے ضلع کے نالورناڈو میں امبیڈکر میموریل کینسر سنٹر میں نصب ایک ہائی ٹینشن ٹرانسفارمر کا افتتاح کریں گے۔ جبکہ شام کوزیکوڈ ضلع کے کوڈانچیری میں کمیونٹی ڈس ایبلٹی مینجمنٹ سنٹر کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔خیال رہے کہ مودی کنیت ہتک عزتی کے معاملہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے سزا معطل کیے جانے کے بعد پیر (7 اگست) کو راہول گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت بحال کر دی گئی تھی۔ انہوں نے مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث میں حصہ لیا اور منی پور تشدد پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے آمد پر اپنے پارلیمانی حلقہ وایناڈ کا دورہ بھی کیا۔ راہول گاندھی نے ٹاملناڈو میں موتھناڈو گاؤں میں ٹوڈا قبائلی ارکان کے ساتھ رقص بھی کیا۔