امپھال،3 اگست (یو این آئی) منی پور پولیس نے کل ریاست میں غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کھاد کی غیر مجاز فروخت اور منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ور ک کے خلاف ایک بڑی مہم شروع کی۔پولیس افسران نے آج بتایا کہ پولیس ٹیموں نے امپھال ایسٹ اور امپھال ویسٹ اضلاع میں کھاد کی فروخت اور فروخت ذخیرہ اندوزی میں ملوث خوردہ دکانوں اور گوداموں پر چھاپے مارے ۔ اس مہم کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ آیا یہ تاجر حکومت سے منظور شدہ ہیں اور کھاد کی فروخت سے متعلق قانونی دفعات پر عمل کر رہے ہیں۔ اس مہم کے دوران، امپھال ویسٹ کے چنگمیرونگ میں واقع نیپالی بستی کے رہنے والے ایک کرن چھیتری کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے کہا کہ چھیتری، حکومت کی طرف سے اُس کی ایجنسی کو دیے گئے اختیارات سے باہر کام کر رہا تھا اور وہ مبینہ طور پر قانونی التزامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھاد کے گھپلے میں ملوث تھا۔ ایک متعلقہ کارروائی میں، سیکورٹی فورسز نے کانگ پوکپی ضلع میں دو مختلف مقامات پر منشیات کے خلاف ایک مربوط آپریشن میں تین افراد کو گرفتار کیا۔