نئی دہلی : مرکزی وزارت داخلہ نے منی پور میں وائرل ویڈیو کیس کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دی ہے۔ کیس کی سماعت منی پور سے باہر ہوگی۔ سی بی آئی جلد ہی اس معاملے میں مقدمہ درج کرے گی۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وحشیانہ واقعہ کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ فون سے ویڈیو ریکارڈ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ریزرو فورسیز کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔منی پور میں جاری کشیدگی کے درمیان ہجوم کے ذریعہ دو خواتین کو برہنہ کر کے ان کے ساتھ مار پیٹ کرکے پریڈ کروائی گئی تھی اور اس واقعے کا 26 سیکنڈ کا ویڈیو وائرل کیا گیا تھا۔ وائرل ویڈیو کیس میں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور جس موبائل فون سے ویڈیو وائرل کیا گیاتھا، اسے قبضے میں لے کر تفتیش کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ منی پور تنازعہ کے حوالے سے کوکی اور میتئی کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ چھ دور کی بات چیت ہوچکی ہے۔