حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے شمال مشرقی ریاست منی پور میں جاری تشدد اور لاقانونیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری سدباب کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ فورم نے کہا کہ منی پور کے واقعات کیلئے حکمراں پارٹی اور زعفرانی تنظیمیں ذمہ دار ہیں۔ یونائٹیڈ مسلم فورم کے ذمہ داروں مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم (صدر ) ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار ( جنرل سکریٹری )، مولانا ظہیر الدین صوفی، مولانا محمد شفیق عالم خاں جامعی، مولانا سید مسعود حسین مشتہدی اور دوسروں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گذشتہ ڈھائی ماہ سے منی پور میں تشدد جاری ہے۔ 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، 60 ہزار سے زائد متاثرین ریلیف کیمپس میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ 130 سے زائد گرجا گھروں کو مسمار کردیا گیا۔ یہ واقعات اچانک رونما نہیں ہوئے بلکہ 2014 سے ملک میں نفرت اور ایک طبقہ کی برتری کا جو رجحان ہے اس کا نتیجہ ہے۔فورم کے ذمہ داروں نے خواتین کے ساتھ بدسلوکی سے متعلق واقعہ کو انسانیت کیلئے شرمسار کرنے والا قرار دیا اور منی پور کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ فورم نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں، عیسائیوں کے علاوہ دلت اور قبائیل کے خلاف مظالم ملک کی سالمیت و یکجہتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ فورم نے منی پور کے عوام سے امن کی اپیل کی۔