نریندر مودی کا علامتی پتلا نذر آتش، دلتوں و خواتین پر ملک بھر میں مظالم کا الزام
حیدرآباد ۔21۔ جولائی (سیاست نیوز) منی پور میں قبائلی خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف تلنگانہ مہیلا کانگریس کی جانب سے اج جے این ٹی یو چوراہے پر دھرنا منظم کیا گیا ۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں مہیلا کارکنوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت منی طور میں خواتین پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے ۔ قبائلی خواتین کی برہنہ پریڈ اور عصمت ریزی کے واقعہ سے سارا ملک شرمسار ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کو منی پور کی صورتحال سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے منی پور کے چیف منسٹر استعفیٰ طلب کرنے کے بجائے کانگریس زیر اقتدار ریاستوںکو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ منی پور واقعہ کے خاطیوں کی آج تک گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دلتوں اور قبائل پر مظالم کی روک تھام میں مرکزی حکومت ناکام ہوچکی ہیں۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ وزیراعظم نے منی پور کا دورہ کرنے کے بجائے بیرونی ممالک کا دورہ کیا۔ مرکزی وزراء بھی منی پور دورہ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ خواتین پر مظالم کے باوجود نرملا سیتارامن اور سمرتی ایرانی نے خاموشی اختیار کرلی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں ہر معاملہ میں احتجاج کرنے والی خواتین کی خاموشی معنیٰ خیز ہے۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی کے خلاف اندرون 24 گھنٹے کارروائی کرتے ہوئے لوک سبھا کی رکنیت ختم کردی گئی لیکن منی پور میں خاطیوں کے خلاف آج تک کارروائی نہیں ہوئی ۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں امن و ضبط کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے ۔ر