ممبئی ۔ منی پور میں نسلی فسادات کے دوران 2 خواتین کے ساتھ انسانیت کو شرما دینے والے واقعہ کے خلاف بالی ووڈ سے بھی آوازیں آنا شروع ہوگئیں۔ بالی ووڈ اداکارہ کیارا ایڈوانی نے اس واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پر لکھا کہ منی پور میں خواتین پر تشدد کی ویڈیو خوفناک ہے جس نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے۔کیارا ایڈوانی نے لکھا کہ میں دعا کرتی ہوں کہ خواتین کو جلد سے جلد انصاف ملے اور ملزمان کو سخت ترین سزا دی جانی چاہیے جس کے وہ مستحق ہیں۔ اس کے علاوہ اداکار اکشے کمار نے بھی اس واقعے پر دکھ، افسوس اور غصے کا اظہار کیا ہے۔اکشے کمار نے ٹوئٹر پر اس حوالے سے لکھا کہ منی پور میں خواتین پر تشدد کی ویڈیو نے مجھے دہلادیا، امید ہے مجرموں کو ایسی سخت سے سخت سزا ملے گی کہ کوئی دوبارہ ایسا خوفناک کام کرنے کا سوچے گا بھی نہیں۔