امپھال : بوگیوں والی ایک مال گاڑی کو اتوار کو نیو گوہاٹی ریلوے اسٹیشن سے منی پور کے لیے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ نے کہا، “ایک اہم سنگ میل میں ضروری اشیاء سے لدی پہلی گڈز ٹرین کو گوہاٹی گڈز یارڈ سے تامنگلونگ ضلع کے کھونگسانگ ریلوے اسٹیشن کے لئے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا ہے ۔ یہ منی پور کے لیے تیز رفتار اور موثر رابطے کے ایک نئے دور کی علامت ہے ۔”کھونگسانگ ریلوے اسٹیشن ریاستی دارالحکومت امپھال سے تقریباً 106 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور منی پور کو ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے سامان ذخیرہ کرنے کی سہولت قائم کرنے کے لیے ریلوے اسٹیشن پر کام تیز کر دیا گیا ہے ۔ کانگ پوکپی میں 3 مئی سے قومی شاہراہ کی ناکہ بندی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات، خوراک، تعمیراتی سامان سمیت ضروری سامان کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔لہذا، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے منی پور کے دورے کے دوران کھونگسانگ تک ضروری ٹرانسپورٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔جیریبام سے امپھال تک 111 کلومیٹر طویل ریلوے پروجیکٹ 2004 میں شروع ہوا تھا اور دشوار گزار خطوں کی وجہ سے اس کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے ۔ پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد امپھال سے جیریبام کا سفر ڈھائی گھنٹے میں طے ہونے کا امکان ہے ۔