حیدرآباد۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) سی پی آئی کے رکن راجیہ سبھا پی سنتوش کمار نے الزام عائد کیا کہ منی پور کی صورتحال پر نریندر مودی حکومت کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔ عوام کو منی پور کی حقیقی صورتحال سے تاریکی میں رکھا گیا ہے۔ رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار آج حیدرآباد میں آل انڈیا یوتھ فیڈریشن کے دو روزہ ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کی صورتحال دھماکو شکل اختیار کرچکی ہے اور نریندر مودی حکومت صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی پور تنازعہ کا سیاسی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ تشدد کو روکنے کے لئے مرکزی حکومت تمام طریقوں سے بات چیت کرے۔ انہوں نے کہا کہ منی پور میں بی جے پی برسر اقتدار ہے لیکن عوام کے تحفظ کے بجائے انہیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔ رکن راجیہ سبھا نے مرکز کی جانب سے منی پور کی صورتحال پر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تشدد کے متاثرین کے لئے امدادی پیاکیج کے اعلان کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کے عوام طویل عرصہ سے متنازعہ قوانین سے دستبرداری کی مانگ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے لئے بی جے پی نے ابھی سے مذہبی ایجنڈہ پر عمل آوری شروع کردی ہے۔ مذہب اور ذات پات کی بنیاد پر سماج کو تقسیم کیا جارہا ہے۔ آل انڈیا یوتھ فیڈریشن کے قومی صدر سکھویندر مہاسری قومی عہدیداروں لینن بابو، ہریش بالا، آل انڈیا یوتھ فیڈریشن کے صدر تلنگانہ یونٹ ولی اللہ قادری اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ ورکشاپ میں ملک کی 13 ریاستوں سے تعلق رکھنے والی آل انڈیا یوتھ فیڈریشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ر