منی پور کی صورتحال پر کانگریس پارٹی کی احتجاجی ریالی

   

پارلیمنٹ میں مباحث اور جواب دینے سے مودی حکومت فرار

حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) منی پور کی صورتحال سے نمٹنے میں مودی حکومت کی ناکامی کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج کھمم میں بڑی ریالی منظم کی۔ صدر ضلع کانگریس کمیٹی محمد جاوید اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی قیادت میں امبیڈکر چوراہے پر ریالی اور دھرنا منظم کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میںکارکنوں اور عوام نے شرکت کی۔ کانگریس قائدین نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ منی پور میں جان بوجھ کر تشدد کو ہوا دے رہی ہے تاکہ سیاسی فائدہ حاصل ہو۔ پارلیمنٹ میں منی پور کے حالات پر مباحث کیلئے حکومت تیار نہیں ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ ایوان سے فرار کا راستہ اختیار کرچکے ہیں۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک کی ایک چھوٹی ریاست پر قابو پانے میں ناکام مرکزی حکومت ملک پر کس طرح کنٹرول کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو پارلیمنٹ سے باہر رکھنے کیلئے عدالت کے فیصلہ کی آڑ میں انتقامی کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا اور وہ موجودہ سیشن میں شریک ہوپائیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام بی آر ایس حکومت سے نالاں ہیں اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو برسراقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔