امپھال:تشدد سے متاثرہ منی پور کے چوراچاندپور ضلع کے ساتھ دیگر علاقوں میں آج اتوار کو کرفیو میں نرمی کی گئی ہے تاکہ لوگ ضروری سامان خرید سکیں۔ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو میں اتوار صبح تین گھنٹے کی ڈھیل دی گئی تا کہ لوگ دوائیں اور ضروری چیزیں خرید سکیں۔انتظامیہ نے سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت کرفیو نافذ کیا ہے، اس میں صبح 7 بجے سے صبح 10 بجے تک نرمی دی گئی۔ ہفتہ کو بھی دوپہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک دو گھنٹے کی نرمی دی گئی تھی۔ہفتہ کی رات نوٹیفکیشن کی کاپی شیئر کرتے ہوئے، این بیرن سنگھ نے ٹویٹ کیا کہ چورا چند پور ضلع میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور ریاستی حکومت اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بات چیت کے بعدکرفیو میں ڈھیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔میتی کمیونٹی کو شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) کے زمرے میں شامل کرنے کے مطالبے کے خلاف طلبا کی تنظیم آل ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین آف منی پور نے احتجاج کے لیے یہ مارچ نکالا تھا۔ ‘آدیواسی ایکتا مارچ’ نامی احتجاج کے دوران تشدد پھوٹ پڑا۔ قبائلیوں اور اکثریتی میتی کمیونٹی کے ارکان کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد 3 مئی کو کرفیو نافذ کیا گیا تھا، جس میں اب تک ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور کم از کم 54 ہلاک ہو چکے ہیں۔
