نئی دہلی، 28دسمبر ( یو این آئی ) وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘کے 129ویں ایڈیشن کے ذریعہ قوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے 2025 کو ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ کا ایک یادگار سال قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی بے مثال کامیابیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر مینس کرکٹ ٹیم کی تعریف کی۔ ساتھ ہی انہوں نے پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے پر ویمنس کرکٹ ٹیم کو بھی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے خصوصی طور پر ان خاتون کھلاڑیوں کا ذکر کیا جنہوں نے ’ویمن بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ‘ جیت کر تاریخ رقم کی اور ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کانٹیننٹل مقابلوں میں ہندوستان کی برتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ ٹی 20 خطاب جیتنے کے بعد قومی ترنگا پوری شان سے لہرایا گیا۔ وزیراعظم نے پیرا اتھلیٹس کی غیرمعمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ورلڈ چمپئن شپ میں متعدد تمغے جیت کر ہمارے پیرا اتھلیٹس نے ثابت کر دیا ہے کہ کوئی بھی رکاوٹ ان کے پکے ارادوں کی راہ میں دیوار نہیں بن سکتی۔ ان کی ہمت اور محنت پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔ 2025 ہندوستانی کھیلوں کیلئے ایک انقلابی سال ثابت ہوا ہے ، جہاں اولمپک، پیرالمپک اور نان اولمپک کھیلوں میں یکساں کامیابی ملی ہے ۔ مردوں کی ٹیم نے محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی دھاک بٹھائی، تو دوسری جانب خواتین کی ٹیم کی ورلڈ کپ جیت نے ملک میں خواتین کے کھیلوں کے تئیں نظریے کو بدل کر رکھ دیا ہے ۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے آخر میں تمام کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والا وقت ہندوستانی کھیلوں کیلئے مزید خوشیاں لے کر آئے گا۔
