رائے پور: چھتیس گڑھ میں لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی شکست کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے بنائی گئی ویرپا موئلی کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کرکے ریاست میں تنظیمی سطح پر تبدیلیوں کی سفارش کی ہے ۔اس کمیٹی نے چہارشنبہ کی صبح اپنی رپورٹ پارٹی کے قومی صدر ملک ارجن کھڑگے کو سونپی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے تنظیم میں تبدیلیوں کی سفارش کی ہے ۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ اس رپورٹ کے بعد کمیٹی کی سفارشات پر تنظیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے ۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ریاستی صدر سمیت تنظیم کے تمام عہدیداروں پر گاج کر سکتی ہے ۔ واضح رہے ک موئیلی کی قیادت میں کمیٹی نے جون کے آخری ہفتے میں چھتیس گڑھ کا دورہ کیا تھا اور تمام لوک سبھا امیدواروں اور مقامی لیڈروں سے بات چیت کرکے ریاست میں پارٹی کی شکست کی وجوہات جاننے کی کوشش کی تھی۔ اس بنیاد پر رپورٹ تیار کی گئی ہے ۔ کمیٹی کے رکن ہریش چودھری نے چہارشنبہ کے روز پارٹی کے قومی صدر ملک ارجن کھڑگے کو رپورٹ پیش کی۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ رپورٹ کا مطالعہ کرنے کے بعد پارٹی ہائی کمان چھتیس گڑھ کانگریس تنظیم میں تبدیلیاں کر سکتی ہیں۔