میدک میں 22سڑکوں کی مرمت و تعمیر کیلئے 112 کروڑ کی منظوری
میدک : ریاستی وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت بڑے شہروں سے مواضعات اور گرام پنچایتوں کو ملانے والی تمام سڑکوں کو بلاک ٹاپ میں تبدیل کرنے اور ان کی ترقی کیلئے کروڑہا روپئے صرف کررہی یہ ۔ متحدہ ضلع میدک میس ایسی 22سڑکوں جملہ 170کلومیٹر سڑک کو ترقی کیلئے 112کروڑ روپئے کی منظوری دی گئی ہے ۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ میدک کی رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کے ہمراہ میدک کے مضافاتی منڈل حویلی گھن پور میں متائی گٹہ سے سردھنا گرام پنچایت تک 8کلومیٹر سڑک کی تعمیرات کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزۃ سڑک کی تعمیرات کیلئے 3کروڑ 46لاکھ کی منظوری دی گئی ہے ۔ وزیر فینانس نے کہا کووڈ ۔19 جیسی وباء میں بھی حکومت اپنے ترقیاتی کاموں کو جاری رکھتے ہوئے عوام کی خدمات کرتی آرہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کسانںو کی ترقی کیلئے شخصی اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کاشت کاروں کو رعیتو بندھو کی اسکیم کے تحت حکومت 17200 کروڑ جاری کرتے ہوئے کسانوں کے کھاتوں میں جمع کردیئے ہیں ۔ حکومت کسانوں کی جانب سے کی گئی ہر قسم کی پیداوار کو خرید کر کسانوں کو منافع پہنچا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کررہی ہے اور کھاد اور ادویات ، بنچوں کی بھی سربراہی کی جارہی ہے ۔ اس پروگرام میں ضلع پریشد چیف ایگزیکٹیو آفیسر محترمہ لکشمی بائی ضلع پریشد وائس چیرپرسن محترمہ لاونیا ریڈی ، رکن ضلع پریشد گھن پور منڈل محترمہ سجاتا ، صدرنشین منڈل پریشد حویلی گھن پور مسٹر ایس نارائن ریڈی ، افکوڈ ڈائرکٹر مسٹر ایم دیویندر ریڈی ، مقامی سرپنچ ، ارکان منڈل پریشد کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین اور پنچایت راج ایگزیکٹیو انجنیئر مسٹر وینکٹیشورلو بھی موجود تھے ۔