مواضعات کی ترقی ، حکومت کی اولین ترجیح

   

پداپلی کے موضع کا سولاپلی میں پلے پرگتی پروگرام سے ریاستی وزیر ای دیاکرراؤ کا خطاب

پداپلی :ریاستی وزیر برائے محکمہ پنچایت راج و دیہی ترقی ایرّا بلّی دیاکر راؤ نے کہا کہ ریاست کے تمام مواضعات کی ترقی پر ہی ریاست کی ترقی منحصر ہے۔ پداپلی منڈل کے کاسولا پلّی موضع میں منعقدہ دیہی ترقیاتی ( پلے پرگتی) پروگرام میں ریاستی وزیر برائے محکمہ پنچایت راج نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وہاں پر منعقدہ اجلاس سے وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہات میں مقیم عوام منصوبہ بند طریقہ سے مل جْل کر کام کرنے پر ہی دیہات کی ترقی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ مابعد تشکیل ریاست تلنگانہ، بجلی کے مسائل کی مکمل طور پر یکسوئی کرتے ہوئے 24 گھنٹے بجلی سربراہ کرنے والی پہلی ریاست تلنگانہ ہے۔ متحدہ کریمنگر ضلع کے تمام کسانوں کو آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی کے تحت وزیر اعلیٰ کی جانب سے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سابق میں حکومت نے فلاحی و ترقیاتی اسکیمات اور آبپاشی پراجکٹس کو اوّلین ترجیح دی ہے۔ فی الوقت حکومت کی نظر میں مواضعات کی ترقی بنیادی ترجیح ہے۔ اس سلسلہ میں چند مشکل فیصلے بھی لئے گئے ہیں۔ کورونا بحران کے دوران بھی مواضعات کو ہر ماہ فنڈز جاری کئے گئے۔ دیہات کی ترقی کیلئے صاف صفائی ، سر سبز و شادابی پر خصوصی توجہ دینے دیہات کی ترقی کیلئے عطیہ دینے والے افراد کے نام پر بڑے پودے لگانے، ان کی نگہداشت کرنے کی پنچایت کو وزیر موصوف نے ہدایت دی۔کاسولا پلّی موضع میں اوینو پلانٹیشن میں بڑے پودے لگانے اور اس عمل کو اندرون 3 دن مکمل کرنے کی وزیر موصوف نے ہدایت دی۔ اس اجلاس میں شریک ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے مواضعات کی ترقی و ترویج کیلئے متعدد پروگراموں کو متعارف کرتے ہوئے کامیاب عمل آوری کو یقینی بنایا ہے۔ پداپلی ایم پی بورلا کنٹا وینکٹیش نیتا کانی، مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹر کمار دیپک، رکن اسمبلی پداپلی داسری منوہر ریڈی، پداپلی آر ڈی او شنکر کمار، عوامی نمائندے و متعلقہ عہدیداران وغیرہ نے اس پروگرام میں شرکت کی۔