حیدرآباد : عنبرپیٹ پولیس کی کرائم ٹیم نے موبائیل فون کی رہزنی میں ملوث 3 ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 سالہ سید مجاہد عرف مجو ساکن گھٹکیسر ضلع میڑچل اور اس کے دو ساتھی 22 سالہ محمد سمیر ساکن امیرپیٹ اور 19 سالہ محمد نواز ساکن لال باغ عنبرپیٹ نے تنہا راہگیروں کو نشانہ بناتے ان کے موبائیل فون اور دیگر اشیاء کا سرقہ کررہے تھے ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ درگا نگر عنبرپیٹ کے ساکن شراون اپنے چہل قدمی کررہا تھا کہ مذکورہ 3 افراد نے اس کا اسمارٹ موبائیل فون اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ پولیس عنبرپیٹ کی کرائم ٹیم نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا تھا اور تحقیقات کے بعد مجاہد اور اس کے دو ساتھیوں کو عنبرپیٹ سے گرفتار کرلیا ۔