نظام آباد میں پولیس فری سمرکیمپ کی اختتامی تقریب سے ضلع سیشن جج کا خطاب
نظام آباد: 2؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد پولیس کمشنریٹ کی جانب سے 25؍ اپریل سے 2 ؍مئی تک منعقدہ پولیس فری سمر کیمپ کی اختتامی تقریب جمعہ کے روز تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ جس میں ضلع سیشن جج محترمہ جی وی این بھرت لکشمی اور پولیس کمشنرپی سائی چیتنیا، آئی پی ایس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ بھرت لکشمی نے کہا کہ نوجوانوں کو سب سے پہلے والدین کے احترام، تہذیب و اخلاق، اور سلیقہ مند گفتار کا سبق سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے موبائل فون کے بے جا استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”جتنا زیادہ ہم موبائل سے دور رہیں گے۔ اتنی ہی ہماری شخصیت نکھرے گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ کیریئر بنانا اگرچہ ضروری ہے، لیکن کردار سازی ایک ایسا پہلو ہے جو زندگی بھر انسان کے ساتھ رہتا ہے۔ انہوں نے اس کیمپ کو طالبات کی فکری، اخلاقی اور جسمانی تربیت کے لیے ایک مثالی اقدام قرار دیا اور کہا کہ موجودہ دور میں طالبات کو ایو ٹیجنگ جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے، ایسے میں خود اعتمادی اور دفاعی مہارتیں ان کے لیے ناگزیر ہیں۔ پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا، آئی پی ایس نے کیمپ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں طالبات نے سیلف ڈیفینس،ٹائیکنڈو، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتیں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ ”یہ سمر کیمپ نہ صرف طالبات کی ذہنی نشوونما کا ذریعہ بنا بلکہ ان میں معاشرتی شعور اور ذمہ داری کا احساس بھی پیدا کیا۔” اختتامی تقریب میں پروبیشنری آئی پی ایس آفیسر سائی کرن، سی آئی ساؤتھ سرکل سریش کمار، ریٹائرڈ انسپکٹر کشور، تایقواندو ٹرینر منوج، جے سی آئی رکن وجے آنند، اور آر بی وی آر سوسائٹی کے مہندر ریڈی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ طالبات نے کیمپ کے دوران حاصل کردہ تجربات کو حاضرین سے شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تربیت ان کی زندگی کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ بعد ازاں، طالبات نے تایقواندو کی عملی مہارتوں کا مظاہرہ بھی پیش کیا، جسے حاضرین نے بھرپور داد دی۔آخر میں تربیت مکمل کرنے والی طالبات کو توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔