موبائل ٹارچ کی روشنی میں حاملہ خاتون کا آپریشن، ویڈیووائرل

   

بلاس پور، 20 اگست (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے بلاس پور ضلع کے تخت پور کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سے ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہا ں بجلی کی اچانک خرابی کے باعث ڈاکٹر موبائل ٹارچ کی روشنی میں حاملہ خاتون کا آپریشن کرنے پر مجبور ہوگیے ۔ اس معاملے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس سے نظام صحت پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ انتظامیہ کی لاپرواہی اور خراب حالت کو اجاگر کرتا ہے ۔ غور طلب ہے کہ اسپتال میں بجلی کا متبادل نظام نہ ہونے کے باعث مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد علاقے کے لوگوںمیں غم و غصہ ہے اور لوگ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔