ضلع کلکٹر کریم نگر پامیلا ستمیتھا کی جانب سے خوشخطی کے مقابلے ، طلبہ کا بہترین ردعمل
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کریم نگر ضلع کلکٹر پامیلا ستمیتھا نے موبائل فون پر کم انحصار کرنے اور ہاتھ سے لکھنے کی مہارت کو فروغ دینے کی پہل کی ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے ضلع کے طلبہ ، عہدیداروں ، ملازمین اور اساتذہ کے لیے ضلع بھر میں خوشخطی کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا ۔ یہ مقابلے پہلے اسکول سطح پر اور پھر منڈل سطح پر منعقد کئے گئے جس میں 584 طلباء نے حصہ لیا جن میں سے 48 طلباء کا انتخاب اتوار کو ہونے والے ضلعی سطح کے مقابلوں کے لیے کیا گیا ۔ ایک مثال قائم کرنے کے لیے ہینڈرائٹنگ مقابلے میں سینئیر افسران نے بھی حصہ لیا ۔ خود کلکٹر ستمیتھا ، ایڈیشنل کلکٹر اشونی تاناجی وکڈے اور میونسپل کمشنر پرفل دیسائی نے حصہ لیا ۔ ایک طالبہ رتویکا نے کہا کہ وہ موبائل فون اور کمپیوٹر کی وجہ سے لکھنا بھول رہے ہیں ۔ کلکٹر میڈم کے فیصلے کی وجہ سے میں نے ہینڈ رائٹنگ پر توجہ مرکوز کی ۔ اچھی مشق کی اور منڈل سطح پر میں نے پہلا مقام حاصل کیا ۔ مجھے ضلع سطح کے مقابلے میں میڈم کے ساتھ حصہ لینے پر فخر محسوس ہورہا ہے ۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ انہوں نے دیکھا کہ طلباء مضمون کا علم رکھتے ہوئے بھی ہینڈ رائٹنگ کی مشق کی کمی کی وجہ سے لکھنے سے قاصر ہیں ۔ طالب علم کو لکھاوٹ میں بہتری کے لیے ہم مسلسل کوشش کررہے ہیں ۔ میں خود اس مشق پر عمل کرتی ہوں ۔ لکھنے کی مہارت کو بہتر بنانے کیلئے ہم نے ایک مقابلہ منعقد کیا جس میں طلباء ، ملازمین اور اساتذہ نے سرگرمی سے حصہ لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ لکھنے کی باقاعدہ مشق کے کئی فوائد ہیں جس سے نظم و ضبط اور صبر کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ اور اس سے طلباء کی شخصیت میں نشوونما ہوتی ہیں ۔ 15 ستمبر کو ضلع سطح پر ایوارڈ تقریب منعقد ہوگی جس میں پہلے مقام والے کو پانچ ہزار روپئے ، دوسرے مقام والے کو چار ہزار روپئے ، تیسرے مقام والے کو تین ہزار روپئے ، چوتھے مقام والے کو دو ہزار اور پانچویں مقام والے کو ایک ہزار روپئے دئیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ منڈل سطح اور اسکول سطح پر جیتنے والے کو پانچ ترغیبی انعامات اور سرٹیفیکٹس دئیے جائیں گے ۔۔ ش