موبائیل سم کارڈ کی کلوننگ واقعات میں اضافہ

   

فون میںبینک کھاتوں اور دیگر اہم معلومات نہ رکھنے کا مشورہ، صارفین کو احتیاط کرنے کی ضرورت
حیدرآباد۔25ستمبر(سیاست نیوز) ملک میں موبائیل سم کارڈ کلوننگ اسکام عروج پھر پہنچتے جا رہے ہیں اور ان اسکامس سے نمٹنے کیلئے لازمی ہے کہ موبائیل فون صارفین احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ موبائیل فون کلوننگ یا سم کارڈ کلوننگ سے محفوظ رہنے کیلئے لازمی ہے کہ وہ اپنے موبائیل میں بینک کھاتوں اور دیگر تفصیلات جیسے مکمل نام ‘ والدین کے نام‘ تاریخ پیدائش وغیرہ نہ رکھیں کیونکہ موبائیل فون سم کارڈ کی کلوننگ کے ذریعہ آپ کے موبائیل میں موجود تفصیلات تک دھوکہ دہی کرنے والے رسائی حاصل کرسکتے ہیں ۔ موبائیل سم کلوننگ یا سواپنگ کے ذریعہ فون میں موجود تمام تفصیلات حاصل اور دیگر فون نمبرات کے علاوہ ای۔ میل اور دیگر سوشل میڈیا کھاتو ںکی تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ماہرین کا کہناہے کہ موبائیل سم کلوننگ کے اندیشہ کے ساتھ ہی سم کی تبدیلی کے ذریعہ اس طرح کے حالات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے کیونکہ یہ بھی ایک سائبر دھوکہ ہے تو اس سے بچنے کیلئے جتنی احتیاط کی جاسکتی ہے کرنی چاہئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ موبائیل فون ہیک یا سم کارڈ کلوننگ کے ذریعہ حاصل کی جانے والی تفصیلات یہ سائبر سارق دنیا کیان دھوکہ بازوں کو فروخت کرتے ہیں جو کہ موبائیل فون سے حاصل کی جانے والی تفصیلات کے ذریعہ بینک کھاتوں تک رسائی حاصل کرلیتے ہیں۔ علاوہ ازیں بعض لوگوں کی جانب سے اپنے کریڈٹ اور ڈیبیٹ کارڈ کی تفصیلات جو فون میں محفوظ کی جاتی ہیں وہ بھی کلوننگ کی صورت میں سرقہ ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے اسی لئے اگر کوئی ایپلیکیشن بھی استعمال کی جا رہی ہے تو ایسی صورت میں ان میں کارڈ کے سی وی وی نمبر محفوظ کرنے سے اجتناب کیا جانا چاہئے اور جب تک او ٹی پی نہ آئے کسی بھی لین دین کو قطعیت نہیں دی جانی چاہئے ۔سائبر سیکیوریٹی ماہرین کا کہناہے کہ ملک میں سائبر سیکیوریٹی کو مستحکم بنانے کیلئے لازمی ہے کہ سائبر سیکیوریٹی ماہرین کی تعداد میں اضافہ ہو اور یہ سائبر سیکیوریٹی ماہرین اس طرح کے حملو ںکو روکنے کے متحمل ہونے چاہئے ۔ بینکوں اور مالیاتی اداروں کے علاوہ محکمہ پولیس بالخصوص سائبر کرائم کی جانب سے متعدد مرتبہ یہ انتباہ جاری کیا جاتا رہتاہے کہ عوام اس طرح کے سائبر حملوں سے چوکنا رہیں اور کسی بھی طرح کی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر سم کی تبدیلی کو یقینی بنائیں کیونکہ سم کی تبدیلی کوئی مشکل امر نہیں ہے اور موبائیل کمپنی کی جانب سے فوری سم تبدیل کرتے ہوئے نئی سم جاری کردی جاتی ہے جو چند گھنٹوں میں کارکرد ہوجاتی ہے۔