موبائیل سے دور رہیں، قرآن مجید کو دل میں بسائیں

   

نوجوانوں سے اپیل، مدرسہ تعلیم الاسلام پٹلم کا جلسہ دستاربندی، مولانا عبدالقوی کا خطاب

پٹلم ۔ مساجد کمیٹی کے صدر جناب محمد عبدالقدوس کی زیر نگرانی مدرسہ تعلیم الاسلام کے تکمیل حفظ کرنے والے چار خوش نصیب طلبہ کا جلسہ دستار بندی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا عبدالقوی ناظم مدرسہ اشرف العلوم حیدرآباد نے شرکت کی اور مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن شریف کی تلاوت کا معمول بنائے۔ قرآن سے دل لگائے۔ اللہ کا کلام لوگوں کے سینوں میں بس جانا چاہئے۔ قرآن کی تلاوت کرتے ہوئے قرآن کے محافظ بننے کو کہا۔ آج کل کے نوجوان موبائیل فونوں میں گیمس کھیلتے ہوئے وقت برباد کررہے ہیں۔ اذان کی آواز سنتے ہیں مگر موبائیل میں مصروف ہونے پر نماز کو نہیں جاتے۔ سماج میں سدھار لانے کی ضرورت ہے۔ عورتیں بھی اپنے اپنے گھروں میں روزانہ قرآن کی تلاوت کریں اور نمازیں پڑھیں۔ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو موبائیل فون سے دور رکھنے کی ضرورت ہے۔ ورنہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔ واضح رہے کہ سید محی الدین ولد سید احمد، محمد فیاض ولد شیخ محمد (مرحوم) محمد جاوید اور شیخ غلام نبی ولد محمد بشیرالدین کی دستاربندی حضرت مولانا عبدالقوی کے ہاتھوں عمل میں لائی گئی۔ بعد ازاں مساجد کمیٹی کے صدر محمد عبدالقدوس نے مولانا کی شال پوشی کی۔ مولانا نے صدر محمد عبدالقدوس کی شال پوشی کی۔ اولیائے طلباء اور سرپرستوں کی بھی شال پوشی کی گئی۔ روزنامہ سیاست حیدرآباد میں روزانہ حدیث شریف شائع ہوتی ہے۔ جس کی نمائندہ سیاست محمد کلیم الدین پٹلم نے کلپنگ کٹ کرکے کاپیوں میں چسپا کرکے چار حافظ طلباء میں تقسیم کی۔ صباحی مدرسہ کے احاطہ میں خواتین کے لئے پردے کا نظم رکھا گیا۔ مولانا کی طویل دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔