موبائیل فون رہزنوں کی ٹولی بے نقاب

   

حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں موبائیل فون کی رہزنی کی وارداتوں میں ملوث 4 رکنی رہزنوں کی ٹولی کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کردیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ 26 سالہ محمد اکبرالدین فاروقی ساکن مائیلاردیو پلی ہے جو اپنے ساتھیوں محمد محسن، محمد قدیر اور میر شاہنواز علی کی مدد سے چاقو کی نوک پر رہزنی اور جبراً وصولی کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ مذکورہ ٹولی نے علاقہ فلک نما، بہادر پورہ، مغلپورہ کے علاوہ سائبرآباد کمشنریٹ حدود کے علاقہ مائیلاردیو پلی میں جملہ 5 رہزنی کی وارداتیں انجام دی تھیں۔ خفیہ اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس ساؤتھ زون ٹیم نے اِس ٹولی کے بارے میں پتہ لگایا اور اُنھیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اُن کے قبضہ سے 5 مسروقہ موبائیل فونس کے علاوہ رہزنی میں استعمال کی جانے والی گاڑیاں بھی ضبط کرلی۔ مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ اِس ٹولی کا رکن شیخ محمد محسن عرف چنّا کے علاوہ اکبرالدین فاروقی اور محمد قدیر، میر شاہنواز علی سابق میں کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملزمین کے خلاف پی ڈی ایکٹ جیسے سخت قانون کا استعمال کیا جائے گا۔