موبائیل فون رہزن پر ڈی سی پی کی فائرنگ

   

رہزن نے گن من پر حملہ کی کوشش کی ۔ چادر گھاٹ وکٹری پلے گراونڈ کے قریب واقعہ سے سنسنی

محمد علیم الدین
حیدرآباد 25 اکٹوبر ۔ شہر آج شام فائرنگ کے واقعہ سے دہل گیا ایک رہزن پر پولیس عہدیدار کی فائرنگ سے شہر میں سنسنی پھیل گئی اور چادر گھاٹ کا علاقہ پولیس چھاونی میں بدل گیا ۔ بتایا گیا کہ فائرنگ اس وقت کی گئی جب رہزن نے ڈی سی پی کے گن مین پر حملہ کی کوشش کی اور بچاؤ کیلئے ڈی سی پی ساوتھ ایسٹ زون چیتنیہ کمار نے فائرنگ کردی ۔ یہ واقعہ چادر گھاٹ وکٹوریہ پلے گراونڈ میں پیش آیا ۔ رہزن کے تعاقب میں مصروف پولیس ٹیم رہزن کو پکڑنا چاہتی تھی کہ اس دوران اس نے تیز دھار خنجر سے ڈی سی پی کے گن مین پر حملہ کی کوشش کی اور ناکامی کے بعد وکٹوریہ پلے گراونڈ کی جالی کو پھلاند کر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ ڈی سی پی نے فائرنگ کردی ۔ فائرنگ میں رہزن کو گولی لگی اور وہ زخمی ہوگیا ۔ زخمی رہزن کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد شہر میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس عہدیدار مقام واردات پہونچے اور ڈی سی پی ساوتھ ایسٹ زون کی خیریت دریافت کی ۔ اطلاع کے بعد کمشنر پولیس وی سی سجنار اور اڈیشنل کمشنر تفسیر اقبال چادر گھاٹ پہونچے اور جائزہ لیا ۔ بعد ازاں وی سی سجنار نے بتایا کہ چادر گھاٹ وکٹوریہ پلے گراونڈ کے قریب سیکوریٹی چیکنگ کی جارہی تھی ۔ اس دوران ڈی سی پی کے گن مین نے ایک رہزن کو موبائل فون کی رہزنی کرتے دیکھا اور رنگے ہاتھوں پکڑنے کی کوشش کررہا تھا کہ رہزن نے اس پر حملہ کردیا ۔ اس دوران ڈی سی پی نے رہزن پر فائرنگ کردی ۔ کمشنر پولیس نے ڈی سی پی کی چوکسی اور فوری اقدام کی ستائش کی ۔ ڈی سی پی نے رہزن کے حملہ سے گن مین اور خود حفاظت کیلئے فائرنگ کی ۔ کمشنر نے بھی دو راونڈ فائرنگ کی تصدیق کی ۔ مقامی عوام نے جو فائرنگ کی آواز سے خوف و دہشت کا شکار ہوئے ۔ دو راونڈ آواز کی تصدیق کی ۔ پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع