حیدرآباد ۔ /13 مارچ (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے موبائیل فون کی رہزنی میں ملوث دو سارقین بشمول ایک کم عمر لڑکے کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 20 سالہ ویمولا بالراج ساکن جواہر نگر کاپرا عادی سارق ہے اور وہ بری عادتوں کا شکار ہے ۔ بالراج نے پرتعیش زندگی گزارنے کیلئے سال 2019 ء میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک ٹولی تشکیل دی اور ان کی مدد سے سرقہ اور رہزنی میں ملوث ہونے لگا ۔ بالراج راہ چلتے راہگیروں کے موبائیل فون اور قیمتی اشیاء اڑالیا کرتا تھا ۔ /29 فبروری کو بالراج نے نامپلی علاقہ میں ایک شخص کا موبائیل فون چھین کر فرار ہوگیا تھا ۔ ٹاسک فورس نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نشاندہی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے دو مسروقہ موبائیل فون اور موٹر سائیکل ضبط کرلی ۔