موتی گلی تا مٹی کا شیر سڑک کے توسیعی کاموں کا عنقریب آغاز

   

Ferty9 Clinic

پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار کا دورہ پرانا شہر ، عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔14جون(سیاست نیوز) پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے آج پرانے شہر کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ان کے ہمراہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور ‘ جناب محمد ضیاء الدین چیف انجینئر جی ایچ ایم سی کے علاوہ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی ‘ رکن اسمبلی چارمینار ممتاز احمد خان ‘ شاہ علی بنڈہ کارپوریٹر مصطفی علی مظفر کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ مسٹر اروند کمار نے پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا اور کہا کہ جاریہ ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کئے جائیں اور ان کاموں کی انجام دہی میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں لاڈ بازار اور سردار محل کی سمت نصب کئے گئے فرش سے ہونے والی مشکلات کے متعلق عوامی نمائندوں نے شکایت کی اور کہا کہ ان پتھروں کو تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں علاوہ ازیں موتی گلی سے محبوب چوک کی موڑ پر کئے جانے والے ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی اور اس موڑ کی توسیع کے اقدامات کی بھی خواہش کی کی گئی جس پر عہدیداروں نے اس کا جائزہ لینے کا تیقن دیا اور کہا اس سلسلہ میں رپورٹ تیار کی جائے گی۔مسٹر اروند کمار نے موتی گلی سے مٹی کے شیر کی جانب نکالی جانے والی سڑک کے سلسلہ میں کاموں کے آغاز کے متعلق بتایا کہ بہت جلد جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔محبوب چوک مارکٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں بھی پرنسپل سیکریٹری نے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان کاموں میں بھی تیزی پیدا کرنے کی ہدایات جاری کی او رکہا کہ محبوب چوک مارکٹ کے تعمیری کاموںکو جلد تکمیل کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے علاوہ فلک نما کے علاقوں میں بھی پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹراروند کمار نے منتخبہ عوامی نمائندوں کے ہمراہ دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہَْ لیا اوران کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت جاری کی ۔مسٹر اروند کمار نے شاہ علی بنڈہ سڑک پر موجود مخدوش عمارت کو فوری منہدم کرنے کی کاروائی انجام دینے کی ہدایت جاری کی اورکہا کہ سڑک کے درمیان آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔قبل ازیں پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے تاریخی ثقافتی ورثہ کی اہمیت کے حامل بم رکن الدولہ کا دورہ کرتے ہوئے اس کے شکم کے حدود کے تعین اور حدود میں کئے جانے والے قبضہ جات کی تفصیل پیش کرنے کی ہدایات جاری کی اور کہا کہ بم رکن الدولہ کے تحفظ کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔