انقرہ : ترکیہ کے شہر استنبول میں پیش آنے والی قتل کے لرزہ خیز واقعہ نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ترکیہ میں انسانی حقوق کا دفاع کرنے والے اداروں بالخصوص خواتین کا دفاع کرنے والے اداروں نے اس واقعہ کے بعد شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ واقعہ یہ ہوا کہ ایک ترک شہری نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کرکے خودکشی کی کوشش کر ڈالی۔مقامی نیوز ویب سائٹ ’’حریت‘‘نے اطلاع دی ہے کہ ایک نوجوان اوزگور نعمان نے اپنی بیوی سیولے اور اپنے تین بچوں کو اس اپارٹمنٹ کے اندر قتل کر دیا جہاں یہ خاندان یوکسابشی سٹریٹ کی تیسری منزل پر مقیم تھا۔ یہ سٹریٹ استنبول کے بیوغلو ہاچی احمد علاقے میں واقع ہے۔ترک میڈیا کے مطابق نوجوان نے اپنی بیوی اور بچوں کو گولی مار کر قتل کیا۔ بندوق کی آواز سن کر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔