ریونت ریڈی اور بنڈی سنجے کو ریاست کی ترقی پر کھلے عام مباحث کا چیلنج : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ غریب عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے معاملے میں تلنگانہ کو سارے ملک میں تیسرا مقام حاصل ہے ۔ ضلع نرمل کے مدھول میں تعمیر کردہ 30 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر قانون و جنگلات اندرا کرن ریڈی بھی موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز میں جھوٹی پارٹی کا اقتدار چل رہا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے اور تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اے ریونت ریڈی کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ زبان سنبھال کر بات کریں ۔ تلنگانہ میں جن فلاحی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں اس طرح کی ایک اسکیم بھی نہیں ہے ۔ ریاست کی ترقی پر دونوں قائدین کو کھلے عام مباحث کا چیلنج کیا ۔ مرکزی حکومت پٹرول ، ڈیزل ، کھاد ، پکوان گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرتے ہوئے غریب عوام پر اضافی مالی بوجھ عائد کررہی ہے ۔ برقی اصلاحات کے نام پر مرکزی حکومت تلنگانہ پر غیر ضروری دباؤ بنا رہی ہے ۔ 5 سال میں 25 ہزار کروِڑ روپئے دینے کا پیشکش کرتے ہوئے کسانوں کے زرعی باولیوں کے پاس برقی میٹرس لگانے کی ہدایت دی جارہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر اس کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت بھوکے رہیں گے ۔ مگر کسی بھی صورت میں زرعی سرگرمیوں کو میٹرس نہیں لگائیں گے ۔ یسنگی سیزن میں دھان نہ خریدتے ہوئے بی جے پی حکومت نے دھوکہ دیا ہے ۔ بی جے پی کے قائدین مذہبی نفرت پھیلاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ہمیں اشتعال انگیزی اور لڑائی جھگڑے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اترپردیش میں انتخابات کے بعد فوری پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوجانے کا دعویٰ کیا ۔۔ ن