موجودہ بحران میں پیپلز پارٹی کا موقف

   

اسلام آباد : پاکستان میں کئی تجزیہ نگاروں کا خیال ہیکہ پاکستان تحریک انصاف کی اسٹیبلشمنٹ اور وفاقی حکومت کے ساتھ لڑائی میں پیپلز پارٹی کا غیر معمولی محتاط طرز عمل بہت نمایاں ہے۔پاکستان میں کثیرالجماعتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو بنانے اور اسے وفاقی حکومت تک پہنچانے میں سابق صدر آصف علی زرداری کی سرتوڑ کوششوں کا کلیدی کردار تھا لیکن ملک میں جاری بحران میں زرداری اور ان کے کئی ساتھیوں کی طرف سے اس طرح کی سرگرمی اب دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ امتیاز عالم نے میڈیاکو بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر تو سرگرم نہیں ہے لیکن وہ وفاق میں قائم پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت کا حصہ ضرور ہے چونکہ پاکستان مسلم لیگ نون بطور بڑی پارٹی فرنٹ پر نظر آ رہی ہے، اس لئے حکومتی ناکامیاں اب مسلم لیگ نون کے پلڑے میں آئیں گی جبکہ اس دوران بلاول بھٹو پوری تندہی کے ساتھ عالمی سطح پر اپنے سفارتی تعلقات بنانے میں مصروف ہیں۔امتیاز عالم سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی میں کئی لوگوں کو اس بات کا احساس ہیکہ پی ڈی ایم بنا کر عدم اعتماد کے ذریعہ اقتدار میں نہیں آنا چاہئے تھا اور یہ فیصلہ ایک ’مس کیلکولیشن‘ کا نتیجہ تھا۔