تمام طبقات کو دستور میں مراعات، دستور کی اہمیت پر سمینار سے خطاب
حیدرآباد ۔17۔ فروری (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ ملک میں دستور ہند کی روح کے مطابق حکومتوں کو کام کرنا چاہئے ۔ وقت کی اہم ضرورت دستور کا تحفظ ہے جس کے ذریعہ مختلف طبقات کو مراعات فراہم کی گئی ہیں۔ ونود کمار نیشنل کونسل آف ایس سی ، ایس ٹی ویلفیر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام جمہوریت میں دستور کی اہمیت کے موضوع پر منعقدہ سمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے کمزور اور پسماندہ طبقات کو مراعات فراہم کی ہے تاکہ وہ ہر شعبہ میں ترقی کرسکے۔ جمہوریت میں دستور کی غیر معمولی اہمیت ہے اور دستور کے بغیر جمہوریت کا تصور ادھورا ہے ۔ دستور نے ہندوستان کو سیکولر اور آزاد جمہوری ملک کا موقف عطا کیا ہے۔ دنیا بھر میں کوئی ملک ایسا نہیں جہاں ہندوستان جیسا دستور اور جمہوریت قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے ساتھ یکساں انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ دستور کا تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات اور پسماندہ طبقات کو مزید چوکسی کی ضرورت ہے کیونکہ بعض گوشوں سے دستور کو چیلنج کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے ججس کے تقررات میں تحفظات پر عمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ تقررات سے متعلق کالجیم میں تحفظات کو نمائندگی دی جائے۔ ایس سی ، ایس ٹی ویلفیر اسوسی ایشن کے ریاستی صدر اے رجندر نے سمینار کی صدارت کی ۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف فارن فیکلٹی کے مرلی درشن ایس سی ، ایس ٹی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی جنرل سکریٹری نرسمہا ، جے این ٹی یو کے رجسٹرار پروفیسر گوردھن اور ایس سی ، ایس ٹی تنظیموں کے نمائندوں نے سمینار سے خطاب کیا ۔